کراچی (ڈیلی پیغام) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے بلوچستان ملک کا حساس صوبہ ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، صوبے کی تعمیر و ترقی میں ہی ملک کی ترقی اور خوشحالی ہے‘ سی پیک میں اس کا پورا حصہ نہیں دیا گیا جس سے وہاںکے عوام میں احساس محرومی پیدا ہونا فطری عمل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی بلوچستان کے سنیئر نائب صدر سابق وفاقی وزیر میر چنگیز خان جمالی کی قیادت میں ملنے والے بلوچستان کے وفد سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر ضلع صحبت پور سے تعلق رکھنے والی کھو سہ برادری کی سرکردہ شخصیات نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔شامل ہونے والوں میں سابق سپیکر بلوچستان اسمبلی ظہور خان کھوسہ کے قریبی عزیز اکبر خان کھوسہ‘ عبدالحق کھوسہ‘ احمد نواز کھوسہ اور ساجد کھوسہ شامل تھے۔ میر چنگیز جمالی نے تنظیمی امور سمیت دیگر مسائل سے پارٹی قائد کو آگاہ کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کھوسہ برادری کی شخصیات کو مبارکباد دی اور کہا پیپلز پارٹی کا وڑن ملک کی تعمیروترقی‘خوشحالی اور عوام کو ان کے بنیادی حقوق انکی دہلیز تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے ہدایت دی الیکشن 2018ءکی تیاریاں شروع کردی جائیں۔ یہ سال الیکشن کا سال ہے کارکن گھر گھر الیکشن مہم شروع کردیں۔

Please follow and like us: