اسلام آباد (ڈیلی پیغام) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے جمعیت علما اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمٰن کو متحدہ مجلس عمل کا صدر بنائے جانے کا امکان ہے جبکہ سیکرٹری جنرل شپ کیلئے جماعت اسلامی اور جمعیت علما پاکستان دلچسپی لے رہی ہیں۔ تاہم جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کو ایک متحرک لیڈر ہونے کی وجہ سے ایم ایم اے کا سیکرٹری جنرل بنایا جاسکتا ہے۔ جمعرات کی شب وفاقی وزیر ہاوسنگ و ورکس اکرم درانی کی رہائش گاہ پر متحدہ مجلس عمل کی سٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جو رات گئے جاری رہا۔ اجلاس میں مولانا انس نورانی اور علامہ عارف حسن واحدی کی عدم شرکت کی وجہ سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا۔ 18جنوری کو لاہور میں ایم ایم اے کا سربراہی اجلاس ہوگا جس میں عہدیداروں کا فیصلہ کیا جائے گا۔ سٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں لیاقت بلوچ، اکرم درانی اور رانا شفیق پسروری اور دیگر رہنماوں نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق ایم ایم اے کے سربراہی اجلاس سے قبل اسٹیرنگ کمیٹی کا ایک اور اجلاس لاہور میں ہوگا۔

Please follow and like us: