شبہ ہے کہ طیارے سے پرندہ ٹکرایا ہو، ترجمان پی آئی اے۔ فوٹو: فائل

 کراچی: جدہ سے لاہور آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 740 لاہور ائیر پورٹ پر لینڈنگ کے دوران حادثے سے بال بال بچ گئی۔

ترجمان پی آئی اے عبد اللہ خان کا کہنا ہے کہ جدہ سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 740 لاہور ائیر پورٹ پر لینڈ کر رہی تھی کہ اچا نک انجن سے کوئی چیز ٹکرائی تاہم اس دوران کپتان نے طیارے کو مہارت سے کنٹرول کیا اور ایک انجن کی مدد سے طیارے کو بورڈنگ برج پر پارک کیا جس کے بعد تمام مسافروں کو باحفاظت لاؤنج منتقل کردیا گیا۔

ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ حادثے میں طیارے سے دھاتی چیز ٹکرائی تھی جس کی وجہ سے بوئنگ 777 طیارے کے انجن نمبر ایک کو نقصان پہنچا۔ شبہ ہے کہ طیارے سے پرندہ ٹکرایا ہو۔ اس حوالے سے طیارے کی مکمل جانچ کی جارہی ہے۔

ترجمان پی آئی اے عبد اللہ کا کہنا تھا کہ بوئنگ 777 طیارے کے انجن کے پرزے کراچی سے لاہور جانے والی پرواز پی کے 304 سے روانہ کر دیئے ہیں جب کہ انجن کی خرابی کے باعث لاہور سے جدہ جانے والی پرواز کی روانگی میں تاخیر ہوئی ہے، طیارے کی مرمت ہوتے ہی پرواز کو لاہور سے جدہ روانہ کردی جائے گی۔

Please follow and like us: