آتشزدگی کی اطلاع پر فائر بریگیڈ کی 9 گاڑیاں وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئیں (فوٹو : فائل

نئی دہلی: بھارت میں وزیراعظم ہاؤس کمپلیکس میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی 9 گاڑیاں جائے وقوع پر پہنچ گئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی کی سرکاری رہائش گاہ کے احاطے میں واقع ایک عمارت میں آتشزدگی کے باعث ایمبولینسوں اور فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو وزیراعظم ہاؤس میں داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔ بھارتی حکام نے آتشزدگی میں جانی و مالی نقصان کے امکان کو مسترد کردیا ہے۔

بھارتی وزیراعظم  کی سرکاری رہائش گاہ لوک کلیان مارگ 7 میں واقع ہے جہاں ان کا آفس بھی ہے تاہم آگ لوک کلیان مرگ 9 میں لگی جہاں مودی کی حفاظت پر مامور خصوصی دستے ’اسپیشل پروٹیکشن گروپ‘ کا دفتر اور رہائش گاہ بھی ہے۔

وزیراعظم ہاؤس میں آتشزدگی کی خبروں پر حکمراں جماعت کے ارکان اور بی جے پی کے کارکنان خوف میں مبتلا ہوگئے جس پر وزیراعظم مودی کو واقعے سے متعلق ٹویٹ کر کے دلاسہ بھی دینا پڑا۔

وزیر اعظم مودی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ آگ لوک کلیان مرگ 9 میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، یہ مقام وزیراعظم کی رہائش گاہ یا دفتر نہیں البتہ یہ حصہ ایل کے ایم کمپلیکس کے ایس پی جی ریسپشن کا حصہ ہے، معمولی آگ پر مکمل قابو پالیا گیا ہے۔

Please follow and like us: