گھبرائے ہوئے ہرن نے گھر میں موجود ہزاروں ڈالر مالیت کا سامان بھی توڑ دیا (فوٹو: انٹرنیٹ

بالٹی مور: گزشتہ ہفتے بالٹی مور پولیس کو اس وقت ایک دلچسپ صورتِ حال کا سامنا کرنا پڑا جب انہیں بیچ فیلڈ کے علاقے میں ایک گھر سے مدد کی کال موصول ہوئی۔ کال پر خوفزدہ اہلِ خانہ کا کہنا تھا کہ کوئی خطرناک چور ان کے گھر میں گھس آیا ہے اور توڑ پھوڑ کررہا ہے۔ ممکن ہے کہ وہ ان میں سے کسی کو جان سے بھی مار ڈالے۔

بالٹی مور پولیس اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اس علاقے کا رُخ کیا اور بتائے ہوئے پتے پر پہنچ گئے۔ لیکن جب وہ ’’چور‘‘ کو پکڑنے کے لیے خاموشی سے اس گھر میں داخل ہوئے تو معلوم ہوا کہ وہ خطرناک چور کوئی انسان نہیں بلکہ بوکھلایا ہوا ہرن تھا۔

بظاہر ایسا لگتا ہے کہ وہ ہرن قریبی جنگل میں رہتا تھا جو بھٹک کر شہری آبادی کی سمت آگیا تھا۔ غالباً سردی سے بچنے کے لیے وہ اس گھر کی کھڑکی توڑ کر اندر داخل ہوگیا اور گھبراہٹ کے عالم میں وہاں رکھی چیزوں سے ٹکرانے لگا۔ ٹوٹنے والی ہر چیز کا چھناکا، اس ہرن کی بوکھلاہٹ میں مزید اضافہ کرتا رہا اور یوں توڑ پھوڑ کا سلسلہ دراز ہوتا گیا۔

پولیس نے ہرن کو ’’حراست‘‘ میں لے کر بحفاظت جنگل میں واپس چھوڑ دیا لیکن اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ اگرچہ وہ ایک معصوم ہرن تھا لیکن پھر بھی اس نے ان کے گھر میں ہزاروں ڈالر مالیت کی چیزیں توڑ ڈالیں، جن میں وہ 200 ڈالر کا ایک نیا لیمپ بھی تھا جو کرسمس کے موقع پر خریدا گیا تھا۔

Please follow and like us: