حملہ ایک پارک میں موجود شہریوں پر کیا گیا، فوٹو : ٹویٹر

پیرس: فرانس کے دارالحکومت میں چاقو بردار شخص نے ایک پارک میں موجود شہریوں پر حملہ کرکے ایک کو قتل اور 4 کو زخمی کردیا جب کہ ملزم  بھی پولیس کی جوابی فائرنگ میں مارا گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق پیرس میں چاقوبردار شخص نے ایک پارک میں تفریح اور ورزش کی غرض سے موجود افراد پر حملہ کردیا، اچانک حملے سے  شہریوں میں بھگدڑ مچ گئی۔ اس دوران ایک شخص تیز دھار چاقو کے حملے سے شدید زخمی ہونے کے بعد دم توڑ گیا جب کہ 4 دیگر زخمی ہوگئے۔

پولیس کے جائے وقوعہ پر پہنچتے ہی ملزم نے دوڑ لگادی تاہم کچھ ہی دیر کے تعاقب کے بعد پولیس نے گرفتاری نہ دینے پر حملہ آور کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔ حملہ آور کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ تحقیقات کیلیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ چار زخمیوں کو لایا گیا ہے جن میں دو کی حالت نہایت کشیدہ ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، ہلاک ہونے والے شخص کو 6 گہرے زخم آئے ہیں جن سے خون زیادہ بہہ جانے کے باعث موت واقع ہوگئی۔

Please follow and like us: