وزیراعلیٰ نے 50 روپے کرائے کی تجویز مسترد کرکے40 روپے کرنے کا حکم دیا ۔ فوٹو : فائل

 لاہور: پنجاب کابینہ نے میٹرو بس کے کرایے میں 10 روپے اضافے کی منظوری دے دی۔

پنجاب حکومت نے میٹرو بس کا کرایہ پہلے20 روپے سے 30 روپے کیا اب کرایہ 30 روپے سے بڑھا کر 40 روپے کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ اور وزارت ٹرانسپورٹ نے کرایہ بڑھانے کی یہ منطق پیش کی تھی کہ جن روٹس پرمیٹرو بس چل رہی ہے، وہاں چنگ چی رکشہ 40 روپے جب کہ ویگن50 روپے تک کرایہ وصول کررہی ہے۔

وزارت خزانہ اور وزارت ٹرانسپورٹ کی جانب سے وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کرایہ بڑھانے سے سالانہ 2 ارب روپے سے بھی کم رقم کی بچت ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ نے 50 روپے کرائے کی تجویز مسترد کردی اور میٹرو بس کا کرایہ 10 روپے کم کرکے 40 روپے کرنے کا حکم دیا جس کی کابینہ نے منظوری بھی دے دی۔

Please follow and like us: