محبت کی پیشکش ٹھکرائے جانے پر عاشق نے تیل چھڑک کر آگ لگادی، فوٹو : بھارتی میڈیا

 ممبئی: بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں محبت کی پیشکش کو قبول نہ کرنے والی کالج لیکچرار کو سفاک عاشق نے زندہ جلا دیا۔

ریاست مہاراشٹر کے علاقے وردہ میں 28 سالہ وکی ناگرے شادی شدہ اور سات ماہ کے بیٹے کا باپ ہونے کے باوجود 25 سالہ لیکچرار سے بار بار اظہار محبت کر رہا تھا تاہم لیکچرار نے کبھی مثبت جواب نہیں دیا۔

وکی ناگرے نے ٹھکرائے جانے پر صبح کالج جاتے ہوئے خاتون لیکچرار کو روکا اور تیل چھڑک کر آگ لگا دی جس کے نتیجے میں وہ بری طرح جھلس گئیں، راہگیروں نے لیکچرار کو اسپتال پہنچایا جہاں دوران علاج دم توڑ دیا۔ پولیس نے وکی ناگرے کو قتل کے مقدمے میں حراست میں لے لیا ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ وکی ناگرے نے لیکچرار کی محبت میں خود کشی کی کوشش بھی کی تھی تاہم لیکچرار نے ہر بار محبت کی پیشکش کو ٹھکرا دیا تھا۔ وہ والدین، اہل محلہ اور کالج انتظامیہ سے وکی ناگرے کے شکایت بھی کرچکی تھی۔

Please follow and like us: