پاکستان کرکٹ بورڈ نے شائقین کرکٹ کی سہولت اور دلچسپی کے پیش نظر ٹکٹوں کے نرخ کم رکھے ہیں۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد: پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ راولپنڈی ٹیسٹ کیلئے ٹکٹوں کی فروخت منگل سے شروع ہوگی۔

شائقین کرکٹ 7سے11 فروری تک پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں جاری ٹیسٹ میچ کے لیے ٹکٹیں ٹی سی ایس کے ایکسپریس سنٹر سے خرید سکتے ہیں۔ اسلام آباد اور راولپنڈی کے ایکسپریس سنٹرز پر ٹکٹوں کی فروخت منگل کی دوپہر 2 بجے سے شروع ہوگی۔

5 فروری کو عام تعطیل کے باوجود آئی نائن اسلام آباد میں واقع ٹی سی ایس ایکسپریس سنٹر میں ٹکٹوں کی فروخت جاری رہے گی۔ پی سی بی نے شائقین کرکٹ سے درخواست کی ہے کہ وہ ٹی سی ایس سنٹرز سے ٹکٹ خریدتے وقت قومی شناختی کارڈ اپنے ہمراہ رکھیں، ایک شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ 5 وکٹیں حاصل کی جاسکتی ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے شائقین کرکٹ کی سہولت اور دلچسپی کے پیش نظر ٹکٹوں کے نرخ کم رکھے ہیں۔ سات تا گیارہ فروری تک راولپنڈی میں شیڈول ٹیسٹ میچ کے لیے اظہر محمود، عمران خان، جاوید اختر اور جاوید میانداد انکلوژر کے ٹکٹ کی قیمت 100 روپے مقرر کی گئی ہے۔ اس میچ کے لیے میران بخش، شعیب اختر، سہیل تنویر اور یاسر عرفات انکلوژر کے ٹکٹ 50 روپے میں دستیاب ہوں گے۔

Please follow and like us: