یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر فضا نعرہ تکبیر اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونج اٹھی ۔فوٹو:فائل

 اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں نے آج کشمیریوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کے لیے یوم یکجہتی کشمیر منایا۔ پاکستان اور آزادکشمیر کو ملانے والے تمام اہم پلوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی۔

بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے اور کئی ماہ سے لاک ڈاؤن کی وجہ سے رواں سال یوم یکجہتی کشمیر معمول سے ہٹ کر منایا گیا۔ اس دن کی مناسبت سے یادگاری ڈاک ٹکٹ کا اجراء بھی کیا گیا۔

پاکستان میں آج عام تعطیل ہے اور دن 10بجے ایک منٹ کے لئے خاموشی اختیار کی گئی۔ ملک اور بیرون ملک مقیم پاکستانی تقاریب کے ذریعے کشمیریوں سے بھرپوریکجہتی کی۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر چاروں صوبائی دارالحکومتوں سمیت شہر شہر ریلیوں کا انعقاد کیا گیا جن میں اسکولوں کے بچوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین بھارت کے خلاف اور کشمیر کے حق میں بھرپورنعرے بازی کی۔

نعرہ تکبیر اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے فضا گونجتی رہی۔ مظاہرین نے مودی کے پتلے اور تصاویر بھی نذر آتش کیں۔ شرکاء نے عالمی برادری اور اسلامی ممالک کے سوئے ضمیروں کو جھنجوڑتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ہر مشکل گھڑی میں کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔

Please follow and like us: