24 گھنٹوں میں 86 مریض ہلاک ہوئے جو ایک دن میں ہلاکتوں کی سب سے بڑی تعداد ہے، فوٹو : فائل

بیجنگ: کورونا وائرس سے چین میں پہلے غیر ملکی شہری کی ہلاکت کے بعد اب تک ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 722 تک جا پہنچی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کی وجہ سے 86 ہلاکتیں ہوئیں، ہلاک ہونے والوں میں پہلے غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں جن کا تعلق امریکا سے تھا۔

ایک دن میں 86 ہلاکتیں اب تک کی ایک دن میں ہونے والی ہلاکتوں کی سب سے بڑی تعداد ہے، جس کے بعد صرف چین میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 722 تک جا پہنچی ہے جب کہ اس وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 40 ہزار ہوگئی ہے۔

پاکستان کے علاوہ امریکا، آسٹریلیا، جرمنی، بھارت اور فلپائن سمیت کئی ممالک نے چین سے اپنے شہریوں کو واپس بلالیا ہے اور ایئرپورٹس ہائی الرٹ جاری کیا جبکہ ہانگ کانگ نے چین سے آنے والوں کو 2 ہفتے تک طبی قید میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ادھر چینی صدر کی جانب سے کورونا وائرس کے خاتمے کے لیے اب تک کی کی جانے والوں کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کو یقین دہانی کرائی تھی کہ جلد اس خطرناک وائرس سے مکمل طور پر نجات حاصل کرلی جائے گی۔

دوسری جانب چینی سائنس دانوں نے انکشاف کیا ہے کہ کورونا وائرس چمگادڑ سے انسانوں میں منتقل ہونے کی بات بے بنیاد ہے، ریسرچ سے معلوم ہوا کہ دراصل کورونا وائرس کی ابتدا ممالیہ جانور پینگولین سے ہوئی ہے۔

Please follow and like us: