اس سال پاکستان کے لیے ایک لاکھ 89 ہزار 210 افراد کا کوٹا مختص ہے، نورالحق قادری (فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کا کہنا ہے کہ فضائی سفر مہنگا ہونے اور روپے کی قدر میں کمی کے عوامل حج اخراجات میں اضافے کا باعث بنے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ اس سال سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو 1 لاکھ  89 ہزار 210 حجاج کا کوٹا دیا گیا ہے، 60 فیصد حجاج سرکاری حج اسکیم  سے جب کہ 40 فیصد  پرائیویٹ ٹورز آپریٹر کے ذریعے جائیں گے، 70 سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کے لیے 10 ہزار اور اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ایک ہزار افراد کا کوٹا رکھا گیا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ فضائی سفر مہنگا ہونے اور روپے کی قدر میں کمی حج اخراجات میں اضافے کا باعث بنی تاہم اس بار حج اخراجات کو ممکنہ حد تک کم کرنے کی کوشش کریں گے، پہلے حج اخراجات ساڑھے 5 لاکھ بن رہے تھے، سرکاری حج کوٹا کے مطابق حجاج 4 لاکھ 70 ہزار میں حج کرسکیں گے، شمالی ریجن اور جنوبی ریجن کا سرکاری حج کا خرچہ 4 لاکھ 90 ہزار ہوگا۔

نورالحق قادری نے کہا کہ حج کے عمل کو آسان بنانے کے لیے وزیراعظم نے خصوصی ہدایات دیں، حج کے لیے جلد ملائیشین فنڈز کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے، کوئٹہ سے حجاج کے لیے براہ راست فلائٹس چلائیں گے، گلگت بلتستان کے حجاج کے لیے عارضی حاجی کیمپ لگائیں گے، روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ سے 70 یا 80  ہزار حجاج فائدہ اٹھائیں گے، روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں دیگر شہروں کی شمولیت سے متعلق بات چیت جاری ہے۔

Please follow and like us: