گروہ کے سرغنہ کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب کہ وہ ملک سے فرار ہورہا تھا، دبئی پولیس چیف۔ فوٹو بشکریہ امارات ٹوڈے

ابو ظہبی: دبئی پولیس نے ٹیلی فون پر انعامی اسکیم فراڈ کیس میں ملوث گروہ کو سرغنہ سمیت گرفتار کرلیا۔

دبئی پولیس نے ٹیلی فون پر انعام کا جھانسہ دے کر عوام کو لوٹنے پر گروہ گرفتار کرلیا ہے، جب کہ گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر گروہ کے سرغنہ کی ملک سے فرار ہونے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا۔

دبئی پولیس کے چیف کرنل سہیل الراشدی نے گروہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ انعامی اسکیم فراڈ کیس میں ملوث دو ایشیائی گروہوں کے 28 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے، اور ان ملزمان سے حاصل ہونے والی معلومات پر کارروائی کرتے ہوئے گروہ کے سرغنہ کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب کہ وہ ملک سے فرار ہونے کے لئے ایئرپورٹ پہنچ چکا تھا۔

پولیس چیف کا کہنا تھا کہ عوام الناس کو متعدد بار متنبہ کیا جاچکا ہے کہ وہ انعام کی لالچ دینے والے دھوکے بازوں سے ہوشیار رہیں اور کسی بھی طور پر ایسی کال کا جواب نہ دیں جس میں بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات یا دیگر معلومات پوچھی جاتی ہیں، اور اسی کالز سے متعلق فی الفور پولیس کو مطلع کیا جائے۔

واضح رہے کہ انعامی فراڈ میں جعل سازون نے سوشل میڈیا ایپلی کیشنز کا استعمال شروع کررکھا ہے، اس سے قبل دھوکے باز افراد موبائل سم کے خفیہ سریل نمبر اور دیگر معلومات بتاکر بھولے بھالے افراد کو لوٹ رہے تھے۔

Please follow and like us: