وزیراعظم ہاؤس کو چوروں کی پناہ گاہ میں تبدیل کردیا گیا ہے، شہبازشریف۔ فوٹو:فائل

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو کرپٹ ٹولے نے تباہ کردیا ہے ملک کو جان بوجھ کر معاشی دیوالیہ پن کی طرف دھکیلا جارہا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا کہنا ہے کہ حکومت معیشت کی گاڑی کو اندھے ڈرائیور کی طرح ریورس میں چلارہی ہے، وزیراعظم ہاؤس چوروں کی پناہ گاہ اور ملک کوعوام کی معاشی قتل گاہ میں بدل دیا گیا ہے، آٹا اور چینی چور وزیراعظم کی سرپرستی میں محفوظ  جب کہ بے قصور تاجروں کو جیلوں میں بند کیا جارہا ہے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ صحت مند ہوتی اور دوڑتی معیشت کو کرپٹ ٹولے نے تباہ کر دیا ہے، معیشت کی تباہی سے پاکستان کی سالمیت اندر سے کھوکھلی ہورہی ہے، پاکستان کو دانستہ معاشی دیوالیہ پن کی طرف دھکیلا جارہا ہے، بجلی اورگیس کی قیمتیں بڑھاکرعوام کا معاشی قتل کیا گیا، 11 ہزار ارب قرض ملک کو معاشی بیڑیوں میں جکڑنے کے لئے لیا گیا ہے، عوام کا معاشی قتل مزید برداشت نہیں کیا جائے گا، عوام تاجر اور سیاستدان معیشت بچانے کے لئے متحد اور تیار ہوجائیں۔

Please follow and like us: