احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے کورونا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے فوٹو: فائل

 کراچی: ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1560 ہوگئی تاحال وائرس سے 14 افراد جاں بحق اور 28 صحت یاب ہوچکے ہیں۔

وفاقی وزیر صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1560 ہوگئی۔  پنجاب میں 571، سندھ میں 502، بلوچستان میں 138، خیبر پختونخوا میں 188 ، گلگت بلتستان میں 116، اسلام آباد میں 43 جب کہ آزاد کشمیر 2 میں مریض زیر علاج ہیں۔

کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہوگئی ہے اور 28 صحت یاب ہوچکے ہیں۔

 قرنطینہ اور آئسو لیشن سے متعلق پالیسی

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا وائرس کے مشتبہ و مصدقہ مریضوں کو قرنطینہ اور آئسو لیشن میں رکھنے کے حوالے سے پالیسی جاری کردی ہے۔ ڈی جی ہیلتھ خیبر پختونخوا کے دفتر سے جاری پالیسی میں قرطینہ اور آئسولیشن کا طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔ صوبے بھر کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران سمیت اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس، ایم ٹی آئی اسپتالوں کے میڈیکل ڈائریکٹرز اور قرطینہ کے انچارجز کو صوبائی ہیلتھ ڈائریکٹریٹ نے پالیسی ارسال کردی ہے۔

مزید چینی امداد آگئی

چین سے امدادی سامان کا ایک اور جہاز اسلام آباد پہنچ گیا ہے، خصوصی طیارے میں ساڑھے چارٹن امدادی سامان لایاگیا ہے، جس میں 15 وینٹی لیٹر، ماسک اور دیگر طبی اشیا شامل ہیں۔ وینٹی لیٹرز میں 10 آئی سی یو اور پانچ پورٹیبل ہیں۔

لاہور میں اہم اجلاس

کورونا وائرس کے سلسلے میں انتظامی امور، طبی سہولیات کی فراہمی اور سپلائی چین کے جائزے کیلئے چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان کی سربراہی میں اہم اجلاس ہوا ہے۔ جس میں سینئر ممبر بورڈ اآف ریونیو،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، کمشنر لاہور ڈویژن اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

چیف سیکریٹری پنجاب نے ہدایت کی کورونا وائرس کے سلسلے میں عوام میں اعتماد بڑھایا جائے کیونکہ کورونا وائرس کیخلاف جنگ عوام کے تعاون کے بغیر نہیں جیتی جا سکتی، آئندہ کورونا وائرس کے مشتبہ مریض کی نشاندہی پرپولیس کی بجائے صرف انتظامیہ اور محکمہ صحت کا عملہ رابطے میں رہے گا،چیک پوائنٹس پر دشواری سے بچنے کیلئے اشیاء ضروریہ، ادویات اور طبی آلات کی ٹرانسپورٹیشن کرنے والے متعلقہ کمپنیوں کے لیٹر ساتھ رکھیں۔

سیکرٹری پرائمری صحت کیپٹن (ر) محمد عثمان نے بتایا کہ کورونا وائر س کے تصدیق شدہ مریض کے لوگوں سے میل ملاپ سے متعلق جاننے کے لئے کانٹیکٹ ٹریسنگ سٹم متعارف کرایا گیا ہے، اس عمل میں پی آئی ٹی بی کے علاوہ محکمہ تعلیم کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سیکرٹری خوراک نے بتایا کہ تمام اضلاع میں گندم کی وافر مقدار فراہم کر دی گئی ہے،کسی بھی ضلع میں آٹے کی کوئی کمی نہیں ہے۔

سندھ

کراچی میں کورونا وائرس میں مبتلا 2 مریض دم توڑ ہوگئے جبکہ 33 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، کراچی میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی کل تعداد 222 جبکہ صوبہ بھر میں 502 ہوگئی۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران 33 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، تمام متاثرہ افراد رابطوں کے ذریعے کورونا وائرس سے متاثر ہوئے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق سندھ بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 502 ہے، کراچی میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 222 ہوگئی جن میں سے 171 افراد رابطوں کے ذریعے متاثر ہوئے ہیں، دادو سے ایک، حیدرآباد سے سات، لاڑکانہ سے سات کیس رپورٹ ہوچکے ہیں، سکھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 265 ہے، جبکہ سندھ بھر میں 14 مریض صحت یاب اور تین جاں بحق ہوچکے ہیں، صحت یاب ہونے والے 13 افراد کا تعلق کراچی اور ایک کا حیدرآباد سے ہے جبکہ تینوں جاں بحق افراد کا تعلق کراچی سے ہے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاون اور مختلف مارکیٹیں، دکانیں اور شاپنگ مال بند ہیں۔ اس پابندی کے باعث پنجاب میں ہئیر کٹنگ کی دکانیں، پارلر اورسیلون بھی بند ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو بال کٹوانے اورشیوبنوانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، دوسری طرف کئی علاقوں میں ہئیرڈریسر نے ہوم سروس شروع کردی ہے اور اپنے مستقل کسٹمر کے بال ان کے گھروں میں جاکر کاٹ رہے ہیں جس کا معاوضہ کئی سوگنا زیادہ لیا جارہا ہے۔

Please follow and like us: