اپارٹمنٹ کی یونین نے غیر متعلقہ شخص کے داخلے پر پابندی عائد کر رکھی تھی، فوٹو : فائل

منگلورو: بھارت میں سخت لاک ڈاؤن سے بوریت کا شکار نوجوان اپنے دوست کے گھر گیا اور اسے ٹریولنگ بیگ میں ڈال کر اپنے گھر لانے کی کوشش کی جسے اپارٹمنٹ کی یونین نے ناکام بنادیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی شہر منگلورو کے ایک اپارٹمنٹ میں یونین نے کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر کمپلیکس میں کسی بھی غیر متعلقہ شخص کے داخلے پر پابندی لگا دی اور رہائشیوں کو بھی دن میں ایک بار کسی ضروری کام سے ہی نکلنے کی اجازت دی جارہی ہے۔

اس صورت حال سے پریشان اور بوریت کے شکار نوجوان نے اپنے دوست سے ملنے کی ٹھانی تاہم بار بار کمپلیکس سے باہر جانے کی اجازت نہ دینے کی وجہ سے نوجوان نے دوست کو ہی اپنے گھر لانے کی ٹھانی اور یونین کو چکمہ دینے کے لیے ایک عجیب و غریب ترکیب سوچی۔

کمپلیکس میں کسی غیر متعلقہ شخص کے داخلے پر پابندی کی وجہ سے نوجوان نے اپنے دوست کو سوٹ کیس میں ڈالا اور اپنے فلیٹ لانے کی کوشش کی تاہم سوٹ کیس میں غیر معمولی حرکت کو دیکھتے ہوئے یونین نے سوٹ کیس کھلوایا تو اس میں سے نوجوان کا دوست برآمد ہوا۔

یونین نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی اور یونین کو دھوکا دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے پولیس کو طلب کرلیا، پولیس دونوں نوجوانوں کو اپنے ہمراہ لے گئی تاہم مقدمہ درج نہیں کیا گیا ہے اور پولیس نے دونوں کے والدین کو تھانے بلا کر تنبیہ کی اور نوجوانوں کو ساتھ دینے کی اجازت دیدی۔

Please follow and like us: